معروف ترین کمپنی فراری کا الیکٹرک کاریں بنانے کا اعلان

دو سال میں 15 ہزار گاڑیاں تیار ہوں گی، کمپنی کا دعویٰ

دنیا کی تیز ترین لگژری گاڑیاں بنانے والی کمپنی فراری نے پہلی الیکٹرک فراری مارکیٹ میں لانے کا اعلان کردیا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ دو سال میں 15 ہزار گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انویسٹر ڈے کے موقع پر کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے الیکڑک ٹیکنالوجی سے چلنے والی پہلی فراری سال 2025ء میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فی الحال فراری نے پیٹرول سے چلنے والی لگژری گاڑیوں کو پیٹرول میں تبدیل کرنے سے متعلق منصوبے کی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔

اس سے قبل جرمن کمپنی واکس ویگن کے بینٹلے اور والوو برانڈ نے سال 2030ء تک تمام گاڑیوں کو ایندھن سے الیکٹرک پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فراری کے اس منصوبے کی معلومات رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ کمپنی کی نئی پروڈکشن لائن الیکٹرک گاڑیاں بنانے پر ہی غور کریگی جس سے سالانہ پروڈکشن میں بھی 35 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوگا، یعنی سال 2025ء تک 15 ہزار سے زائد گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔

معروف کمپنی نے اس پلان کے تحت منافع میں اضافے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ فراری نے سرمایہ کاروں کو بتایا ہے کہ سال 2026ء میں 38 سے 40 فیصد تک کے منافع کی توقع ہے جبکہ سال 2021ء میں پرافٹ مارجن 35.9 فیصد تھا۔

گاڑیوں کو الیکٹرک سسٹم پر منتقل کرنے سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فراری ایسی بیٹریوں پر تحقیق کررہی ہے جو ان کی پاور کو بہتر کرے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین 2035ء تک ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت مکمل طور پر ختم کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔ یورپی یونین کے فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک انجن پر شفٹ کیا جائے گا۔

europe

ferrari

electric car

Tabool ads will show in this div