افغانستان سے کوئلے کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی ختم
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افغانستان سے کوئلہ سمیت مختلف اشیاء کی درآمدی کسٹمز ڈیوٹی ختم کردی۔
ایف بی آر اعلامیے کے مطابق افغانستان سے کوئلہ، ماربل، پودے، بیج اور پھلوں کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی نافذ نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق ہمسایہ ملک سے ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والے کنٹینرز اور سلفر پر بھی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اعلی سطحی اجلاس میں ملک میں توانائی بحران کے پیش نظرافغانستان سے کوئلہ درآمد بڑھانے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات میں بھی کہا تھا کہ جولائی میں افغانستان سے کوئلہ آنا شروع ہو جائے گا۔ کوئلے سے بند پراجیکٹس چلائیں گے جس سے بجلی پیدا ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہو چکا ہے جس سے پاکستان کے اربوں ڈالر کوئلے کی درآمد پر خرچ ہوتے ہیں مگر افغانستان سے کوئلے کی درآمد سے دو ارب ڈالر کے قریب بچیں گے۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد منگل کو افغانستان کے وزارت فنانس نے کوئلے کی برآمدی مالیت (ویلیوایشن) 90 ڈالر سے بڑھ کر 200 ڈالرفی ٹن کرنے کا اعلان کیا تھا۔
افغان وزارت فنانس کے مطابق کوئلے پر برآمدی کسٹم ڈیوٹی 30 ڈالر ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔