کے الیکٹرک رات میں بجلی بند نہ کرنے کی یقین دہانی سے مکر گئی

شہر میں رات کے اوقات میں کئی کئی بار لوڈشیڈنگ

کے الیکٹرک رات میں بجلی بند نہ کرنے کی یقین دہانی سے پھر گٸی۔ شہر قائد میں رات 11 بجے سے صبح 7 بجے کے درمیان کئی بار بجلی بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ رات میں بجلی بند کرنے پر مجبور ہیں۔

کے الیکٹرک نے سندھ حکومت سے بات چیت کے دوران شہر قائد میں رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی حامی بھری تھی، تاہم کراچی میں رات کے اوقات میں بجلی کی کئی کئی بار بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کو یقین دہانی کے باوجود کراچی میں رات 11 سے صبح 7 بجے کے درمیان کٸی بار بجلی بند کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کے الیکٹرک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایندھن اور سرماٸے کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کرنی پڑرہی ہے، رات کے اوقات میں بجلی بند کرنے پر مجبور ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں 9 سے 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت اور ایندھن کی فراہمی میں کمی کے باعث کے الیکٹرک کے زیر خدمت علاقوں میں شارٹ فال 250 تا 350 میگاواٹ سے بڑھ کر 450 سے 500 میگاواٹ ہوچکا ہے، بجلی کا شارٹ فال 24 گھنٹے ہونے کے باعث کے الیکٹرک کو بحالت مجبوری رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھنی پڑ رہی ہے۔

کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی سپلائی میں کمی کی وجہ بجلی کی پیداوار میں دشواری کا بھی سامنا ہے، گزشتہ سال کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی تھی اور اب کم ہوکر تقریباً 90 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گیس کی قلت کے نتیجے میں کے الیکٹرک کے سسٹم میں سائٹ اور کورنگی میں واقع دو پاور پلانٹس غیر فعال ہیں، جن کی مشترکہ پیداوار 200 میگاواٹ ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں کے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے شیڈول بذریعہ ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ دن میں 4 بار 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔

کراچی

K ELECTRIC

Loadshedding

Tabool ads will show in this div