الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کرنا بند کرے، مصطفیٰ کمال

جب ڈاکو بیلٹ پیپرز اٹھا کر لے جائیں تو الیکشن کروانے کی کیا ضرورت ہے، چیئرمین پی ایس پی

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کرنا بند کرے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ میں گذشتہ دنوں الیکشن میں ایسے لگا کہ ڈاکو بھی سندھ حکومت کے اور پریزائڈنگ افسر بھی سندھ حکومت کے ساتھ ہیں، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کرنا بند کرے، الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں کہ نیوٹرل رہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی جاگیر بن چکی ہے، الیکشن کمیشن بھی ان کے ساتھ ملا ہے، جب ڈاکو بیلٹ پیپرز اٹھا کر لےجائیں تو الیکشن کروانے کی کیاضرورت ہے، پیپلز پارٹی سے نام لے کر اس کی کامیابی کا اعلان کردیا جائے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ پچھلی حکومت چلانے کے لئے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی تھی، آج بھی شہباز حکومت چلانے کے لئے کھلی چھوٹ دی ہے، جو فیصلے ہورہے ہیں وہ ملکی نہیں ذاتی مفاد مدنظر رکھ کر ہورہے ہیں، یہ اقدامات پاکستان کو تباہ کررہے ہیں، ریاست پاکستان کے ادارے بھی اس تباہی کے ذمہ دار ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ماضی کی کالعدم جماعت کھلے عام فائرنگ کرتی رہی، آج تک پولیس وہاں نہیں گئی، جن کے لوگ مرے ان ہی کو گرفتار کیا جارہا ہے، امن پسند شہری کو پیغام دیا جارہا ہے کہ بغیر اسلحہ آپ کے کوئی بات نہیں سنے گا، اداروں سے کہتا ہوں نیوٹرل سیاست میں رہا جاتا ہے، امن وامان کی صورتحال میں نیوٹرل نہیں رہا جاتا۔

عمران خان کے بیانات اور احتجاج سے متعلق مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان تاریخیں دے رہے ہیں، ان کے پاس کوئی آپشن نہیں رہا، انہیں جو موقع ملا تھا وہ اس میں ناکام رہے، سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے عمران خان ہاتھ پیر مار رہے ہیں۔

شہر قائد کے مسائل کے حوالے سے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکالے جارہے ہیں، یہ ایک دو دن کی بات نہیں سالہا سال سے یہی ہورہا ہے۔ کراچی تباہ ہوگا تو پاکستان کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو 13 سال سے پینے کا پانی نہیں دیا گیا، ایک نیا اسکول اور کالج نہیں بنایا گیا، 13 سال میں دس نئی بسیں لائے اس سے زیادہ مالیت کے اشتہارات دے دیئے گئے ہیں۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بجلی کا حال سامنے ہے، کےالیکٹرک کالائسنس منسوخ کرکے کےالیکٹرک کوختم کردینا چاہیے، جس طرح ٹیلی فون کمپنیوں کو لائسنس دیئے ایسے ہی بجلی کے محکمے کے ساتھ کیا جانا چاہیے، مقابلہ ہوگا تو سروسز بھی بہتر ہوں گی۔

MUSTAFA KAMAL

PSP

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div