شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے ساتھ اختلافات کی تردید کردی
وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میرا پارٹی کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، اختلاف کی خبریں محض پروپیگنڈا ہیں۔
بی بی سی سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی خبریں کہ میرا پارٹی کے ساتھ آج کل کوئی اختلاف چل رہا ہے درست نہیں ہیں۔
ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران اپنے ایک خطاب سے متعلق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے ان سابق رہنماؤں کی جانب اشارہ کر رہے تھے جو آج پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کو ملتان میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں میری پارٹی نے ہی میرے خلاف سازش کرتے ہوئے مجھے صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے ہروایا تھا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سازش سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑا، وہ تو وزیر خارجہ بن گئے، مگر ملتان اور جنوبی پنجاب کو فرق پڑا۔
واضح رہے کہ 2018 میں شاہ محمود قریشی کو پی پی 217 سے تحریک انصاف ہی سے تعلق رکھنے نوجوان آزاد امیدوار محمد سلمان نے شکست دی تھی جو پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اترے تھے۔