بجلی کا بریک ڈاؤن، دھابیجی میں پانی کی 2 لائنیں پھٹ گئیں

پانی کی 72 انچ قطر کی ایک لائن کی مرمت آج ہوجائیگی، واٹر بورڈ

کراچی میں بجلی کے ساتھ پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا، دھابے جی میں 72 انچ قطر کی دو بڑی پائپ لائنز پھٹ گئیں۔ واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ آج شام 6 بجے تک ایک لائن کی مرمت کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کی طرف سے 28 جولائی کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 72 انچ قطر کی دو بڑی پائپ لائنز پھٹ گئیں تھیں، واٹر سپلائی لائنز پھٹنے سے آدھے سے زیادہ شہر میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا۔

کراچی میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا، شہری شدید گرمی میں پانی کو بوند بوند کو ترس گئے، ضلع وسطی، جنوبی اور کورنگی کے کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ 72 انچ قطر کی ایک لائن کی مرمت کا کام آج شام 6 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، محمود آباد اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی سپلائی معمول پر آجائے گی۔

حکام کے مطابق دوسری سپلائی لائن کی مرمت میں مزید 2 دن لگیں گے، اس وقت شہر میں 100 ایم جی ڈی پانی کی کمی ہے، 425 ایم جی ڈی پانی شہر کو سپلائی ہو رہا ہے۔

واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ صورت حال معمول پر آنے میں 3 سے 4 دن لگیں گے۔

حکام کے مطابق بجلی کا بریک ڈاؤن منگل کی صبح 5 بج کر 30 منٹ پر ہوا، تمام فیڈرز سے کے الیکٹرک کی سپلائی اچانک سے فیل ہونے کی باعث پمپنگ مکمل بند ہوگئی تھی، بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے سبب 72 انچ قطر کی 2 لائنیں متاثر ہوئیں۔

دوسری جانب شہر میں بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث واٹر پمپنگ اسٹیشنز اور ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔

K ELECTRIC

WATER AND SEWERAGE BOARD KARACHI

Tabool ads will show in this div