ٹرک سے برآمد 50 لاشوں کو شناخت کرلیا گیا

ٹرالر سے 16 افراد زندہ حالت میں بازیاب

امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹرک سے برآمد 50 لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرک سے برآمد 50 لاشوں میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق میکسیکو اور وسطی امریکا سے تھا۔ ٹرک میں موجود انتہائی بیمار 16 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ 3 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ٹرک کا ایئرکنڈیشن کام نہیں کر رہا تھا اور نہ ہی ٹرک میں پینے کے لئے پانی موجود تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد ممکنہ طور پر بہتر مستقبل کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کی مدد سے امریکا آئے تھے۔

ٹرک کی موجودگی کی اطلاع فون کال پر موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو کے مضافات میں سڑک کنارے کھڑے ایک بڑے ٹرالر میں انسانی لاشیں موجود ہیں، جب کہ زندہ بچ جانے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

سان انتونیو کے پولیس چیف ولیم مک مِینس کے مطابق مقامی وقت 5 بج کر 50 منٹ پر ایمرجنسی کال کرکے حکام کو مطلع کیا گیا تھا۔ انہوں نے رپورٹرز کو بتایا کہ ایک مزدور کو مدد کی چیخ سنائی دی جو یہاں پر موجود ایک بلڈنگ میں کام کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ دیکھنے کے لیے آیا تو اسے ٹرالر کے دورازے تھوڑے سے کھلے نظر آئے، اس نے دروازے کو کھولا تو دیکھا کہ ٹرالر کے اندر متعدد لوگ مردہ حالت میں ہیں۔

سان انتونیو کے فائر چیف چارلس ہُڈ نے رپورٹرز کو بتایا کہ اب تک تقریبا 46 لاشیں پروسیس کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 زندہ افراد کو باہوش و حواس اسپتال منتقل کیا گیا جن میں 12 افراد اور 4 بچے شامل ہیں، تاہم ان کی عمروں اور قومیتوں کے بارے میں ابتدائی معلومات نہیں ہیں۔

چارلس ہُڈ نے کہا کہ جن مریضوں کو ہم نے دیکھا وہ شدید گرم اور ہیٹ اسٹروک میں مبتلا تھے، گاڑی میں پانی کا نام و نشان نہیں تھا، یہ ائیر کنڈیشنڈ ( اے سی) ٹرالر تھا لیکن اس میں کوئی بھی اے سی کام کرتا نظر نہیں آرہا تھا۔

قبل ازیں واقعہ کی اطلاعات منظر عام پر آنے کے بعد سان انتونیو کے میئر نے بھی عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے خطاب کیا تھا۔ سان انتونیو کے میئر رون نرائن برگ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج رات ہم خوفناک انسانی المیے سے نبرد آزما ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سب پر زور دوں گا کہ ہمدردی سے سوچیں اور مرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ان لوگوں کو اس غیرانسانی حالات میں رکھنے والے ذمہ داروں کے خلاف قانون میں موجود زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے گی۔

امدادی ٹیموں کے مطابق جائے وقوع پر بڑے پیمانے کا ایمرجنسی آپریشن جاری ہے جس میں پولیس، فائر فائٹرز اور ایمبولینسیں حصہ لے رہی ہیں۔

محل وقوع

سان انتونیو سرحد سے 250 کلو میٹر دور ہے جو لوگوں کی اسمگلنگ کے لیے اہم راستہ ہے۔ اس شہر کو حالیہ ریکارڈ ہیٹ ویو نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، یہاں کا درجہ حرارت پیر کو 39.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

ماضی کے واقعات

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکا کی تاریخ میں یہ تارکین وطن کے حوالے سے ہونے والے بدترین سانحات میں سے ایک ہے، اسی طرح 5 سال قبل میکسیکو کی سرحد سے چند گھنٹے کی مسافت پر واقع ٹیکساس کے شہر سے ہی ٹرک سے لاشیں برآمد کی گئی تھیں۔

mexico

texas

trailer

USA

DEAD BODIES

Attaullah Jun 29, 2022 11:02am
Great work
Tabool ads will show in this div