30 جون سے مون سون کی پہلی بارش کی پیش گوئی، الرٹ جاری

بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگی، کچی املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے

محکمہ موسمیات نے 30 جون سے ملک میں رواں برس مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کے دوران سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں 29 جون (بدھ) سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں۔

مون سون ہواؤں کے داخلے سے 30 جون سے 04 جولائی کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،مردان، صوابی ، نوشہرہ ، راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کی صورت حال

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یکم سے 05 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین ،دادو، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو، کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ ، نصیر آباد اور سبی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

ممکنہ اثرات

02 سے 04 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آبادمیں جبکہ 03 سے 05 جولائی کے دوران کراچی اور حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

ماہی گیروں کے لیے خصوصی ہدایات

محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ 03 سے 05 جولائی کے درمیان بحیرہ عرب میں طغیانی کی کیفیت ہوگی، اس دوران اونچی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں اس لئے ماہی گیر احتیاطاً سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون اسپیل کے تحت موسلا دھار بارش کے باعث خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد،آواران، بارکھان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر،گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے ، جس سے کچی اور بوسیدہ املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کاشتکاروں کے لئے اچھی خبر

مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شدید پانی کی کمی کا شکار کاشت کاروں کے لیے رحمت ثابت ہوگا۔ بارش کا پانی چاول کی کاشت کے لئے مفید ہوگا۔

monsoon

rains in pakistan

rain alart

Tabool ads will show in this div