چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے میں بی اے پی بھی میدان میں آگئی
چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے میں بلوچستان عوامی پارٹی بھی میدان میں آگئی۔
بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی بھی چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے میں میدان میں آگئی ہے، اس حوالے سے قومی اسمبلی میں بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط بھی لکھ دیا ہے۔
خالد مگسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے خط میں چیئرمین نیب کے لیے عدالت عالیہ کے دو سابق ججز جسٹس ريٹائرڈ احمد لاشاری اور جسٹس ريٹائرڈ غلام اعظم قمبرانی کے نام تجویز کئے ہیں۔
بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے تجویز کردہ دونوں شخصیات قابل احترام اور ماہر قانون دان ہیں، چیئرمین نیب کے لئے چھوٹے صوبے سے چناؤ کیا جائے۔
آئین کے مطابق چیئرمین نیب کا تقرر قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت سے ہوتا ہے تاہم اب تک اس حوالے سے کسی پر اتفاق نہیں ہوسکا۔