پیارپانےکیلئے پاکستان آنے والی فضاخان اٹاری چوکی سے گرفتار

بھارتی اسکول ٹیچرکوامیگریشن حکام نے پولیس کے حوالے کیا
<p>تصویر: ٹائمزآف انڈیا</p>

تصویر: ٹائمزآف انڈیا

پیارکیا تو ڈرنا کیا، یہی سوچ کر بھارتی اسکول ٹیچراپنے پاکستانی دوست سے عہدوپیمان کے بعد سرحد پارکرنے پہنچی مگریہ ملن آسمانوں پرطے نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کےعلاقے ریوا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ٹیچر فضا خان اپنے پاکستانی دوست دلشاد سے ملنے کے لیے پاک بھارت سرحدی چوکی پہنچی جہاں اسے ‘گرفتار’ کر کے مدھیہ پردیش پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

گوفضاخان کے پاس ویزااورسفری دستاویزات موجود تھیں لیکن امیگریشن حکام نے انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ اٹاری پران کے خلاف جاری کردہ لک آؤٹ سرکلر( ایل او سی ) کی وجہ سے روک کر پولیس کے حوالے کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فضا خان کی کراچی کے رہائشی دلشاد سے آن لائن ملاقات ہوئی تھی ، دوستی کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اورفضا نے پاکستان جانے کی نیت سے ویزا اور دیگرسفری دستاویزات بھی حاصل کرلیں۔

پولیس انسپکٹراگیاپال سنگھ نے بتایا کہ 16 جون کو فضا اسکول گئی لیکن واپس نہیں آئی جس کے بعد اہل خانہ نے ریوا سٹی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ فضا گھرمیں پاکستان جانے کا ارادہ ظاہرکرچکی تھی اس لیے سرحد پارکرجانے کے خدشے کے تحت فوری طور پر اسکول ٹیچرکے خلاف ایل او سی جاری کیا گیا۔

فضا 23 جون کو کراچی جانے کی نیت سے امرتسر پہنچی لیکن اٹاری پر امیگریشن حکام نے اس حوالے سے گھرندا پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جنہوں نے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد فضا کو ناری نکیتن بھیج دیا اوراس حوالے سے ریوا پولیس آگاہ کیا۔

پاکستانی مردوں کی محبت میں گرفتار ہونے والی بھارتی خواتین کی پاکستان آمد کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

بارہ اپریل 2019 کو بھارتی پنجاب کے ضلع ہوشیارپور کےعلاقے گڑشنکر کی رہائشی تین بچوں کی ماں کرن بالا بیساکھی سکھ جتھے کے ساتھ بیساکھی منانے پاکستان پہنچی لیکن وہاں پہنچ کرلاہورکے رہائشی محمد اعظم نامی شخص سے شادی کر لی جس سے اس کی ملاقات سوشل میڈیا پرہوئی تھی۔

اس سے قبل 2018 میں بھٹنڈہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹینا شرما نامی نے آن لائن گیم کھیلتے ہوئے گوجرانوالہ کے ایک شخص محمد سلیمان سے دوستی کی اورپاکستان آکر 24 اکتوبر 2018 کو شادی کرلی۔

پاکستان

انڈیا

Lovelorn school teacher

Tabool ads will show in this div