شمالی وزیرستان:پولیوٹیم پرفائرنگ، پولیس اہکاروں اوررضاکارسمیت 4 افراد جاں بحق
شمالی وزیرستان میں پولیو کے قطرے پلانے والے ٹیم کے رضاکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعے میں 4 افراد قتل ہوگئے۔
پولیس کےمطابق منگل کی صبح میران شاہ کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے ڈانڈ گاؤں میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم کے رضاکاروں پر فائرنگ کردی۔
رضاکاروں کے ساتھ موجود دو پولیس اہلکار،پولیو ٹیم کا ایک رضاکار اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔رضاکاروں کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنرمیرانشاہ شوکت علی خان،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرٹریفک شیروالی خان اورمیڈیکل سپریٹینڈنٹ ڈاکٹرولی زمان نے اسپتال میں زیرعلاج بچے کی عیادت کی اورانتظامیہ کوبہترین سہولیات دینےکی ہدایت کی۔
منگل کی دوپہر پولیو ٹیم پر حملے میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ گورنرکاٹیج میرانشاہ میں ادا کی گئی۔
نمازجنازہ میں سیون ڈویژن کے میجرجنرل محمد نعیم اختر،ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان اور ایس پی محمد زمان سمیت دیگر اعلی عسکری،سول اور پولیس حکام نے بھی شرکت کی۔
کابینہ کا نوٹس
اسلام آباد میں منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، وزیر داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس واقعے کی فوری رپورٹ دی جائے۔