اداکارہ سونالی باندرے کا انڈر ورلڈ سے متعلق حیران کن انکشاف

فلم پروڈیوسرز انڈرورلڈ کے دباؤ میں آجاتے تھے، اداکارہ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونالی باندرے نے انڈر ورلڈ سے متعلق حیران کن انکشاف کردیئے ۔

اپنے آنے والے پراجیکٹ کی پروموشن کیلئے بالی ووڈ اداکارہ اور 90 کی دہائی میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی سونالی باندرے نے دی رنویر شو میں شرکت کی، شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ان کے کیریئر کے ابتدائی سالوں میں انہیں کافی فلموں میں انڈرورلڈ کی وجہ سے کام نہیں دیا گیا۔

ایسے وقت تھے جب مجھے ایک کردار کرنا تھا اور یہ کسی اور کے پاس چلا گیا کیونکہ فلم سازوں کو کسی نے فون کیا اور پھر ڈائریکٹر یا شریک اداکار مجھے فون کر کے کہتے ہیں کہ آپ جا سکتی ہیں ہم پر دباؤ ہے اور ہم اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ فلم پروڈیوسرز انڈرورلڈ کے دباؤ میں آجاتے تھے۔

اداکارہ کے شوہر بھی ایک فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں، اداکارہ نے کہا کہ پہلے تو وہ یہ بات نہیں سمجھ سکی تھیں تاہم بعد میں ان کے شوہر گولڈی بھیل نے انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا۔

چار برس قبل کینسر میں مبتلا ہونے اور پھر بڑی بہادری سے اس موذی مرض سے جنگ جیتنے والی سونالی نے حال ہی میں او ٹی ٹی پر اپنا ڈیبیو ‘دی بروکن نیوز’سے کیا ہے، انہوں نے سال 1994 میں صرف 19 برس کی عمر میں فلم آگ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

اداکارہ نے ‘سرفروش’، ‘دل جلے’ اور ‘میجر صاحب’ جیسی ہٹ فلموں میں کام کر کے شہرت حاصل کی۔

واضح رہے کہ سونالی بیندرے پہلی اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے انڈرورلڈ سے تعلقات کے بارے میں بات کی ہو۔ مونیکا بیدی نے کئی مواقع پر گینگسٹر ابو سالم کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی، جنہیں 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے علاوہ دیگر جرائم میں سزا سنائی گئی تھی۔

اداکار سنجے دت بھی 1993 کے ممبئی دھماکوں میں استعمال ہونے والے ہتھیار رکھنے کے جرم میں جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔

Sonali Bendre

Tabool ads will show in this div