گلوکار شہزاد رائے کراچی میں صفائی کے فقدان پر مایوس
گلوکار شہزاد رائے کراچی میں صفائی اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کے باعث مایوس ہوگئے۔
گلوکار شہزاد رائے نے اپنے ٹوئٹر پر کراچی کے ایک نالے کے پاس کھڑے ہوکر تصویر شیئرکردی۔
شہزاد رائے نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ میں ہرروز اپنے شہر کراچی کو بچانے کی کوشش کرتاہوں مگر دی اکنامک انٹیلی جنس کے مطابق کراچی کو دنیا کے ناقابل رہائش شہروں میں شمار کرلیا ہے۔
گلوکار شہزاد رائے نے لکھا کہ میں کراچی کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن قدرت اور ماحول ہمیں معاف نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کے انٹیلیجنس یونٹ کی جانب سے ہر سال تیار کی جانے والی رپورٹ کے مطابق رہائش کے لیے دس بدترین شہروں میں کراچی کو بھی شامل کرلیا گیا ۔
اس فہرست کو مرتب کرنے کیلئے ان شہروں میں جرائم کی شرح، طبی سہولیات، انفراسٹرکچر، سیاسی استحکام اور سبزہ زاروں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد 173 شہروں کی درجہ بندی کی گئی۔
اس فہرست میں پاکستان سے صرف کراچی کو شامل کیا گیا ہے اور کراچی اس انڈیکس میں 168 ویں نمبر رہا۔
انڈیکس کے مطابق کراچی آخری 10 شہروں کے بیچ میں رہا، اسے بنیادی طور پر عدم استحکام اور صحت کی ناقص سہولیات کی وجہ سے نقصان پہنچا۔