بیالیس ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج مکہ پہنچ گئے
پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سرکاری اور پرائیویٹ اسکیموں کے مجموعی طور پر 42 ہزار 477 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔
مکہ مکرمہ میں قائم میڈیا سیل کے مطابق 6 جون سے 16 جون تک سرکاری اسکیم کے 16 ہزار 900 کے قریب عازمین براہ راست مدینہ منورہ پہنچے جہاں 8 روز قیام کے بعد تمام عازمین کو بتدریج مکہ مکرمہ پہنچادیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اب تک پرائیویٹ اسکیم کے تحت 3132 عازمین مدینہ منورہ جبکہ 9239 مکہ مکرمہ بذریعہ جدہ پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسکیم کے اب تک مجموعی طور پر 30 ہزار 106 عازمین مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید جانیے: حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی
رپورٹ کے مطابق سرکاری اسکیم کے تمام عازمین کو 30 جون تک حجاز مقدس پہنچا دیا جائے گا۔
رواں سال پاکستان سے مجموعی طور پر 81 ہزار افراد حج کررہے ہیں، حج کوٹے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 40 فیصد (32 ہزار) جبکہ 60 فیصد (49 ہزار) افراد پرائیوٹ اسکیم کے تحت حج کریں گے۔
رواں سال 32 ہزار افراد کے مقابلے میں 63 ہزار سے زائد افراد نے حج درخواستیں جمع کرائیں۔