بغیراجازت دوسری شادی کرنیوالے شخص کی سزا کے خلاف اپیل مسترد
لاہور ہائی کورٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص ملک غلام حسین کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے ملک غلام حسین کی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
عدالت عالیہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے ملک غلام حسین کو فیملی کورٹ کی سنائی گئی 6 ماہ قید اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔
میانوالی سے تعلق رکھنے والے ملک غلام حسین کے خلاف اس کی پہلی بیوی نے فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا، آسیہ بی بی نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے شوہر نے اس کی اجازت کے بغیر سدوسری شادی کی ہے جو کہ قانون کے خلاف ہے۔
عدالت نے ملک غلام حسین کو الزام ثابت ہونے پر سزا سنادی تھی، بعد ازاں ملک غلام حسین نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے فیصلے تک سزا کو معطل کردیا تھا۔