سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے چاروں بھائی اینٹی کرپشن میں پیش
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے چاروں بھائی اینٹی کرپشن میں پیش ہوگئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کے چاروں بھائی عمر خان بزدار، طاہر خان بزدار، ایوب خان، جعفر خان عبوری ضمانت کے لئے عدالت میں پیش ہوئے۔
عثمان بزدار کے چاروں بھائی ہائیکورٹ ملتان بنچ سے حفاظتی ضمانت پر تھے 2 مقدمات میں درخواستوں پر سماعت مکمل کرکے 2 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب 30 جولائی تک ہائیکورٹ بہاولپور بنچ سے حفاظتی ضمانت پر ہیں۔
درخواستوں پر سماعت اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نوید احمد نے کی، عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ہے، عثمان بزدار سمیت پانچوں بھائیوں کے خلاف اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر ڈیرہ غازی خان میں مقدمات درج ہیں۔
عثمان بزدار اور ان کے بھائیوں پر 888 کنال 6 مرلے اراضی کی ناجائز ایڈجسٹمنٹ کا الزام ہے، سابق وزیراعلیٰ اور ان کے چار بھائیوں پر اسسٹنٹ کمشنر تونسہ اسد چانڈیہ کی مدعیت میں مقدمات درج ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق پانچوں بھائیوں نے 1982 میں محکمہ ریونیو افسران کے ساتھ ملی بھگت کر کے اراضی کا فراڈ کیا۔