کراچی کیلئے نئی بس سروس کا آغاز، بلاول نے افتتاح کردیا

پہلے مرحلے میں 7 روٹس پر 240 بسیں چلائی جائیں گی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے لئے پیپلزبس سروس کا افتتاح کردیا۔

کراچی والوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ برسوں بعد شہر کی سڑکوں پر نئی بسیں چلیں گی، وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے پیپلز بس سروس کا افتتاح کردیا ہے۔

پہلے مرحلے میں 7 روٹس پر 240 بسیں چلائی جائیں گی، نئی بسوں میں خصوصی افراد کے لئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے، جب کہ مسافر اپنے موبائل فون بھی بس کے اندر ہی چارج کرسکیں گے۔

وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نئی بسوں کے روٹس پر پرانی بسیں نہیں چلیں گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے سے موجود بسوں کے مالکان کو پیشکش کی ہے کہ وہ بھی اس سروس میں سرمایہ کاری کریں، صوبائی حکومت آپ کو بہترین پیکجز دے گی اور مکمل تعاون کیا جائے گا، لیکن پہلے پرانی بسوں کو سڑکوں سے ہٹایا جائے۔

ماضی میں پیپلز بس سروس کے نام سے چلائی گئی 10 بسوں سے متعلق سماء ٹی وی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے جو بس سروس چلی تھی وہ بند ہوگئی الگ بات ہے لیکن اس بار ہم نے پروفیشنل انداز سے بسیں چلانے کی کوشش کی ہے، بغیر کسی ناغے کے عوام کیلئے مسلسل یہ بس سروس چلتی رہے گی۔

پیپلز بس سروس کو اپنا اثاثہ سمجھیں، سعید غنی کی عوام سے اپیل

صوبائی وزیر سعید غنی نے پیپلز بس سروس کے افتتاح پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کے لئے بہت خوشی کی بات ہے، یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو رہا تھا جس پرمیں کراچی والوں سے معذرت خواہ ہوں بلآخر ہم اس میں کامیاب ہو گئے۔

سعید غنی نے کہا کہ ان کا کرایہ بھی مناسب ہے، شہری ان بسز میں سفر آرام سے کر سکتے ہیں، آج سے لاڑکانہ اور کراچی کے شہری ان بسز میں سفر شروع کر دیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ عوام ان بسز میں سفر کرنے کے ساتھ ساتھ ان بسز کا خیال بھی کریں گے، میں بار بار گزارش کر رہا ہوں کہ ان بسز کو اپنی گاڑی کی طرح ، اپنی موٹر سائیکل کی طرح، اپنے گھر کی طرح سمجھیں تاکہ یہ دیر تک شہریوں کے سامنے آسکیں۔

کراچی

bilawal bhutto zardari

peoples bus service

Tabool ads will show in this div