کورونا کیسز میں اضافہ، عوام کے لیے دوران سفر ماسک پہننا لازمی قرار
قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عوام سے دوران سفر ماسک پہننے کی اپیل کردی۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے بعض شہروں میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اندرون ملک پروازوں ، ریلوے اور بسوں میں دوران سفر عوام کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران چہرے پر ماسک لگائیں۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کی تشخیص کے لیے 13 ہزار 412 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں 382 مثبت رپورٹ ہوئے۔
24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.85 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ روز یہ شرح 2.81 فیصد تھی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 84 کی حالت تشویشناک ہے۔
پنجاب کی صورت حال
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر سے 69کيس رپورٹ ہوئے جب کہ ایک مریض دم توڑ گیا۔
لاہور سے 55 جب کہ راولپنڈی سے 8 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، اس طرح لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.8 فیصد جب کہ صوبے بھر میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 1.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔