سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت کرنے والے جج کی مدت ملازمت میں توسیع
سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت کرنے والے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر کی مدت ملازمت میں اڑھائی برس کی توسیع کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی منظوری سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر کی مدت تعیناتی میں توسیع 26 جون سے کی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر کی پہلی تعیناتی کی مدت 26 جون کو ختم ہو رہی تھی۔
خیال رہے کہ اعجاز بٹر کی عدالت میں پولیس افسران نے سانحہ ماڈل ٹاون کے استغاثہ میں بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جبکہ عوامی تحریک نے جج اعجاز بٹر کو سماعت سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دے رکھی ہے۔
عوامی تحریک نے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اعجاز بٹر کی مدت تعیناتی ختم ہو رہی ہے اسلیے انہیں پولیس افسران کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے سے روکا جائے۔