ادارے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، فواد چوہدری

ملک کی سب سے بڑی جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوششیں جاری ہیں، رہنما پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ادارے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بچانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کا مسئلہ ہے جب بھی یہ اقتدار میں آتے ہیں تو ان میں سریا آجاتا ہے، ہمارا ہر احتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، ہم نے پہلے بھی پر امن احتجاج کیا، ہمارے احتجاج میں فیملیز اور بچے آتے ہیں، 25 مئی کو حکومت نے تشدد کیا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ادارے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بچانے کے لیے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب انہیں عہدے پر برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کی وجہ سے ہورہے ہیں، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر نوٹی فکیشن کا معاملہ ملتوی کیا جانا سمجھ سے باہر ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کا عام آدمی عجیب حالات کا شکار ہوگیا ہے، ان لوگوں نے ملک کو مکمل طور پر آمریت میں دھکیل دیا ہے، یہ سب اپنے مقدمات ختم کرانے میں لگے ہوئے ہیں، ایک دن پتا چلے گا کہ یہ فرار ہوگئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوششیں جاری ہیں، تحریک انصاف کو الیکشن کمیشن سے کوئی امید نہیں، الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اس کیس کا جو بدترین فیصلہ ہو سکتا ہے وہ آئے گا، اس سلسلے میں بھی فیصلہ آئے گا پارٹی کارکنان کو اس کا مقابلہ کرنا ہے، تحریک انصاف اور عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوشش ناکام بنائیں گے۔

PTI

ELECTION COMMISSION

by polls

Tabool ads will show in this div