مضبوط بحریہ کی پہلےسے کہیں زیادہ ضرورت اب ہے،وزیراعظم

کیڈٹ سمعیہ سجاد نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کیا

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا تاریخی اعتبار سے ملکوں کے اسٹریٹیجک دفاع میں کلیدی کردار ہے، دور حاضر میں مضبوط بحریہ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈ شپ مین کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج کی کمشننگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں، یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشننگ دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی، پاکستان نیول اکیڈمی دوست ملکوں کے کیڈٹس کو بہترین تربیت فراہم کر رہی ہے۔ دوست ملکوں کے کیڈٹس پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔ کیڈٹس نے بھرپور محنت اور لگن سے مادر وطن کیلئے ذمہ داریاں انجام دینی ہیں۔

پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کا تاریخی اعتبار سے ملکوں کے اسٹریٹیجک دفاع میں کلیدی کردار ہے، ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں قوم کو اپنے مسلح جوانوں پر فخر ہے، پاکستان جغرافیائی اعتبار سے ایک اسٹریٹیجک مقام پر واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہے، پاکستان بحریہ ملک کے سمندری تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ایک مضبوط بحریہ کی پہلے سے کہیں زیادہ اب ضرورت ہے پرامن بقائے باہمی اور ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ قائد اعظم پاکستان کو دنیا کیلئے رول ماڈل کے طور پر بنانا چاہتے تھے، اور ہمیں اس رول ماڈل کو عملی جامعہ پہننا ہے۔ پرامن ماحول میں ہی ترقی کا حصول ممکن ہے، حکومت پاک بحریہ کو تمام سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں بحرین ، قطر اور فلسطین کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ لیفٹیننٹ سید اِرتضیٰ حیدر نقوی کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

بحرین سے تعلق رکھنے والے مڈشپ مین عدنان محمد ابراہیم جاسم بدر نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ نوفِل ملک کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل جب کہ شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ سمعیہ سجاد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ کوارٹر ڈیک اسکواڈرن پرافیشنسی بینر کا حقدار ٹھہرا۔

قبل ازیں، خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمدعزمی نے نیول اکیڈمی میں پاکستانی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تعلیم پر روشنی ڈالی۔

کمانڈنٹ نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ مضبوط کردار کے افسران بننے کے لیے وفاداری، غیرت اور ہمت کے نظریات کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔

کمیشننگ تقریب میں سینیر سول، عسکری حکام، کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

PAKISTAN NAVY

passing out parade

Pakistan Naval Academy

PM SHAHBAZ SHARIF

Tabool ads will show in this div