فلم اسکرین پر آگئی اور چوہدری پھر سے زندہ ہوگیا

چوہدری اسلم کی زندگی پر بنائی گئی فلم چوہدری سینما گھروں میں ریلیز کردی گئی

سندھ پولیس کے ایس ایس پی چوہدری اسلم کی زندگی پر بنائی گئی فلم چوہدری سینما گھروں میں ریلیز کردی گئی۔

فلم کے پریمئیر کی تقریب کراچی میں ہوئی جہاں فلم کی کاسٹ، ہدایتکار اور دیگر شوبز شخصیات سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ فلم میں ایس ایس پی چوہدری اسلم کا فلم میں کردار حاضر سروس ڈی ایس پی طارق اسلام نے ادا کیا ہے۔

اس موقع پر سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں چوہدری اسلم کا کردار نبھانے والے طارق اسلام نے کہا کہ میں حقیقی زندگی میں بھی پولیس والا ہوں اور فلم میں پولیس کا کردار ادا کیا ہے اس لیے مجھے پریشانی نہیں ہوئی ۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں اداکاری سے قبل نیشنل انسٹی ٹیو ٹ آف پرفارمنگ آرٹس(ناپا) کے ایک استاد جن کا نام سعد ہے انہوں نے مجھے تین ماہ تک اداکاری کی ٹریننگ دی تھی ۔

طارق اسلام نے بتایا کہ میں نے 20سال چوہدری صاحب کے ساتھ گزارے ہیں مجھے معلوم تھا وہ کس طرح چلتے ہیں کیسے بولتے ہیں کیسے پیش آتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی میں سفید کپڑے پہنتا ہوں تو چوہدری صاحب کی یاد میں جذباتی ہوجاتا ہوں کیونکہ چوہدری صاحب کہتے تھے یہ سفید کپڑے کفن ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘فلم اسکرین پر آگئی اور چوہدری پھر سے زندہ ہوگیا ہم نے فلم پیسوں کیلئے نہیں بنائی بلکہ اس فلم کے زریعے ہم نے چوہدری اسلم کو خراج تحسین پیش کیا ہے لیکن مجھے یقین ہے فلم اچھی چلے گی سارے پولیس والے دیکھیں گے’۔

انہوں نے چوہدری اسلم کا مشہور ڈئیلاگ بھی دہرایا کہ ‘تم نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈالا ہے تم نے شیر کو للکارا ہے پہاڑ سے اتر کر نیچے آؤ دیکھو میں تمہارا کیا حال کرتا ہوں’۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں شمعون عباسی، یاسر حسین، ارباز خان، عامر قریشی، عدنان شاہ ٹیپو، زارا عابد اور اصفر سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

اسی فلم کے ساتھ ماڈل زارا عابد نے اس فلم سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا وہ 22 مئی 2020 کو حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں جاں بحق ہوگئیں تھیں۔

فلم میں چوہدری اسلم کے کردار سمیت ان کا ساتھ دینے والے بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

چوہدری’ کی ہدایات عظیم سجاد نے دی ہے، فلم کی کہانی ذیشان جیند نے لکھی ہے جبکہ اسے پرڈیوس نیہا لاج نے کیا ہے ۔

خیال رہے کہ چوہدری اسلم نے سندھ پولیس میں 30 سال تک خدمات سر انجام دی تھیں انہیں 9 جنوری 2014 میں ایک خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

Film Chaudhary

Tabool ads will show in this div