پولیو فری پاکستان کے وژن کیلئے ای او سی کا فارمیوو سے معاہدہ

دواساز ادارہ پولیو کیخلاف سوشل میڈیا پر آگہی مہمات اور لٹریچر شائع کریگا
Jun 25, 2022

پولیو کے متعلق آگاہی اور اس موذی مرض کے پاکستان سے خاتمے کیلئے ایمرجنسی آپریشن فار پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو نے معروف دوا ساز ادارے فارمیوو کیساتھ مشترکہ کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے تحت فارما کمپنی انسداد پولیو مہمات میں رضاکاروں کو سہولیات فراہم کرے گی، پاکستان میں رواں برس پولیو کے 11 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

بدقسمتی سے پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں سے ایک ہے، جہاں اب بھی چند متاثرہ علاقوں میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ای او سی سے جاری اعلامیے کے مطابق فارمیوو آئندہ دو برس تک پولیو فری پاکستان کے وژن کیلئے ای او سی کے ساتھ کام کرے گا، جس میں حفاظتی ٹیکوں، پولیو ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر آگہی مہمات، لٹریچر کی اشاعت شامل ہے۔

سندھ میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں کیلئے ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ باقاعدگی سے شراکت داری کررہا ہے، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن شامل ہیں۔

فارما کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم نے بتایا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے ان کی کمپنی نے بھی ای او سی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، ایک سماجی تنظیم کے طور پر ہمارا وژن ایک صحتمند معاشرے کی تعمیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم واقعی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ ایک صحتمند معاشرہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے اجتماعی طور پر مل کر کام کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری یقینی طور پر اس مقصد کو آگے بڑھانے میں مدد کرے گی اور اس اہم مسئلے پر کارپوریٹ سیکٹر کی انتہائی ضروری دلچسپی کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔

HEALTH

Anti Polio Campaign

Tabool ads will show in this div