الائنس شوگر ملز میں ساڑھے 3 ارب کے مبینہ فنانشل کرائم کا انکشاف
رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کے خلاف تحقيقات ميں اہم پيشرفت ہوئی ہے، الائنس شوگر ملز میں ساڑھے 3 ارب کے مبینہ فنانشل کرائم کا انکشاف ہوا ہے۔ سماء نے اہم دستاويز حاصل کرلیں۔
سماء کے ہيڈ آف انويسٹي گيشن يونٹ زاہد گشکوری کو موصول ہونیوالی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ مونس الہیٰ کیخلاف تحقیقات میں الائنس شوگر ملز میں ساڑھے 3 ارب کے مبینہ فنانشل کرائم سامنے آیا ہے۔
دستاویز کے مطابق تحقیقات میں 2 ارب 25 کروڑ روپے کی مبینہ غیرقانونی ٹرانزيکشنز سامنے آئی ہیں، فنانشل کرائم کیش پے منٹ واؤچرز کے ذریعے 2018ء سے 2019ء تک کیا گیا، الائنس شوگر ملز نے 2 ارب سے زائد رقم اسد حسین نامی شخص کو دی۔
دستاویز سے پتہ چلا ہے کہ اسد حسین نے ساڑھے 3 ارب کی رقم علی ٹریڈرز گجرات کو دی، الائنس شوگر ملز نے 90 فیصد کاروبار علی ٹریڈرز کے ساتھ کیا۔
رپورٹ کے مطابق 2018ء میں علی ٹریڈرز نے الائنس ملز کے ساتھ 15 ارب کا کاروبار کیا، الائنس شوگر ملز نے 50 کروڑ سے زائد کی رقم سبسڈی کی مد میں لی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کیخلاف کرپشن کے الزام میں ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں، مونس الٰہی وفاقی تحقیقاتی ادارے کے طلب کرنے پر پیش بھی ہوئے تھے۔