پنجاب میں اسکول اور اسپتال بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت ہونگے
پنجاب حکومت نے اسکولوں اور اسپتالوں کو بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت کرنے کا اعلان کردیا، پنجاب اسمبلی سیشن نوٹیفائی کرنے کا اختیار اسمبلی سیکریٹری کو دیدیا گیا۔
وزیر خزانہ پنجاب اویس لغاری نے لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا (ن) لیگ قانون سازی پر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہی ہے، یونین کونسل کا چیئرمین ہی تحصیل کا چیئرمین بن سکے گا، 14 نئی میونسپل کارپوریشن بنائی جارہی ہیں، اساتذہ کے تبادلوں کا اختیار بھی مقامی حکومتوں کے پاس ہوگا۔
انہوں نے کہا لوکل گورنمنٹ کو زیادہ بااختیار بننے کیلئے اسکے وسائل میں اضافہ کررہے ہیں، مقامی حکومت کے پاس افسر کے تبادلے کا اختیار ہوگا، مقامی حکومتیں اپنے وسائل خود پیدا کرسکیں گی۔ ہر یوسی اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوگی، مقامی حکومتوں کے حوالے سے تاریخی اصلاحات کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہر یوسی میں سالانہ ڈیڑھ سے دو کروڑ تک کے ترقیاتی کام ہوں گے، اقتتدار کو گراس روٹ لیول پر منتقل کرینگے، غریب آدی بھی یوسی کا چیئرمین بن سکے گا، ہریوسی میں ڈائریکٹ الیکشن سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب ہوگا، اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی جمہوریت کی مضبوطی کیلئے لازمی ہے۔
صوبائی وزیر ملک محمد احمد خان نے کہا صاف دیہات پروگرام بھی بلدیاتی حکومتوں سے منسلک ہوگا، تاریخ میں پہلی بار ہر یونین کونسل کو 10 فیصد حصہ ملے گا پبلک سروس کمیشن کے بغیر گریڈ 11 سے اوپر افسر بھرتی نہیں ہوگا، پنجاب اسمبلی سیشن نوٹیفائی کرنے کا اختیار اسمبلی سیکریٹری کو دیدیا گیا ہے۔