پنجاب کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ
پنجاب کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کا اطلاق 18جولائی تک ہوگا۔
پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے، اور کسی بھی ناخوشگوار کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 10 اضلاع میں دفعہ144 نافذ کردی گئی ہے۔
پنجاب کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت دفعہ 144 کا اطلاق فوری ہوگا جو 18 جولائی تک رہےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے روزامن وامان کے لیے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، الیکشن کے روز سیاسی ریلیوں اورکارنرمیٹنگز پر پابندی ہوگی، جب کہ ضمنی الیکشن کے حلقوں میں اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کردیا گیا تھا، اور ڈی سیٹ ہونے والے حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کی خدمات مانگ لی ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط لکھا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق فیصلہ کراچی اور لاہور کے ضمنی الیکشن میں بدامنی کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے، مراسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ انتخابات میں پاک فوج کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا مراسلے میں یہ بھی کہنا ہے کہ کے پی اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں بھی فوج نے بہترین فرائض انجام دیئے، امید ہے اب بھی فوج اپنی بہترین خدمات سر انجام دے گی۔