پاکستانی ہو یا ہالی ووڈ، ہمیں کسی فلم سے مسئلہ نہیں: ماہرہ اورفہدمصطفیٰ

دونوں کی نئی فلم عیدالاضحیٰ پرریلیزکی جائے گی
<p>تصویر: سماء ڈیجیٹل</p>

تصویر: سماء ڈیجیٹل

پاکستانی اداکارفہد مصطفیٰ اورماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم “ قائداعظم زندہ باد“ کی تشہیرمیں مصروف ہیں جو عید الاضحیٰ پرریلیز کی جائے گی۔

سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے فہد اورماہرہ کا کہنا تھا کہ عید پرایک سے زائد ہ فلموں کی ریلیزخوش آئند ہے تا کہ عوام کے پاس چوائس ہو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔

نبیل قریشی اور فضاعلی میرزا کی پروڈکشن میں ماہرہ اورفہد کی اس فلم کا مقابلہ بڑی اسکرین پر ہالی ووڈ کی فلموں سے بھی ہوگا، اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہالی ووڈ فلموں کی پاکستانی سینما میں نمائش سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہماری خواہش ہے کہ لوگ گھروں سے باہر نکلیں اور سینما آکر فلمیں دیکھیں۔

فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ اتنے مشکل وقت میں آپ کو گھروں سے باہرنکلنے کا موقع مل رہا ہے، لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ایک ایسی فلم سے لطف اندوزہونے کا موقع ملے گا جوفیملی فلم ہے اورآپ کے لیے یادگارہوگی۔

ایک اچھی فلم کی تعریف کیا ہے؟ اس سوال پر فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ اچھی فلم وہ ہوتی ہے جو لوگوں کو یاد رہ جائے جبکہ کچھ فلمیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو صرف ایک بار دیکھ کردوبارہ دیکھنے کا دل نہ چاہے لیکن وہ بھی بزنس کرلیتی ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ماہرہ کا کہنا تھا کہ بولنے کی آزادی سب کو ہونی چاہیے لیکن جو تنقید کرتے ہیں وہ اگر سوشل میڈیا پر اپنا اصل نام, اصل تصویر, اور پہچان واضح کرکے ایسا کریں تو کسی کو برا نہ لگے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب شائقین ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ایک ساتھ بڑے پردے پر دیکھیں گے اس سے قبل دونوں نے کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے ۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ بہت اچھا تجربہ رہا اورعکسبندی سے لے کراب تک بہت انجوائے کیا، پہلی بارایک ساتھ کام کرنے سے متعلق فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ہرچیزکا ایک وقت ہوتا ہے، شاید ہم پہلے ایک ساتھ کام کرتے تو اتنا مزہ نہ آتا ۔

نبیل قریشی اور فضاعلی میرزا کے ساتھ یہ فہد کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل وہ ‘نامعلوم افراد’، ‘ایکٹر ان لا’، ‘نامعلوم افراد 2’ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ میں مرکزی کردار نبھاچکے ہیں۔

فلم قائداعظم زندہ باد کو2021 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن کرونا وائرس کے باعث سنیما گھروں کی بندش کی وجہ سے نمائش تاخیرکا شکار ہوئی اور اب اسے عید الضحیٰ پرپیش کیا جائے گا۔

Mahira Khan

Fahad Mustafa

Quaid e Azam Zindabad

Tabool ads will show in this div