بالی ووڈ اداکار ورون دھون پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے شکرگزار

فلم کل 24 جون 2022 کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی

بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

بالی ووڈ ہنگامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے ‘نچ پنجابن’ گانے کیلئے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ میوزک کمپنی ٹی سیریز نے گانے کے حقوق خرید لیے ہیں۔

اداکار نے بالی ووڈ ہنگامہ کو بتایا کہ میں ابرار الحق سے کہنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے بہت اچھا گانا گایا ہے جبکہ اصل گانا شاندار ہے اور ہمیں پسند آیا تاہم ہماری میوزک کمپنی نے گانے کے حقوق خرید لیے ہیں اور اب ہمارے گانا بہت اچھا چل رہا ہے۔

چند روز قبل دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ‘جُگ جُگ جیو’ کے ٹریلرمیں نچ پنجابن کی نقالی سامنے آنےکے بعد ابرار نے اپنی ٹویٹ میں گانے کے کاپی رائٹس فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرا چھٹا گانا کاپی کیا گیاہے جس کی ہرگزاجازت نہیں دوں گا۔

ابرارکا کہناتھا کہ میں نے کسی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں کیے، گانے کے استعمال پرہرجانے کے لیے کورٹ جانے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔

بعدازاں کرن جوہرنے فلم کا گانا نچ پنجابن یوٹیوب پر ریلیزکیا ہے جس میں ابرارالحق کو گانے کے بول اور میوزک کا مکمل کریڈٹ دیا گیا ہے۔

جس کے بعد گلوکار ابرار الحق نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے مداح یہ سوال کررہے ہیں کہ آپ ‘نچ پنجابن’ کی چوری پر بھارتی فلمساز کرن جوہر کے خلاف عدالت کیوں نہیں جارہے؟ تو بتادوں جی ہاں میں کورٹ جاوں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی بات نہیں ہوتی کہ آپ نے یوٹیوب پر کریڈٹ دے دیا میں نے آپ کو گانا دیا ہی نہیں ہے تو فکر نہ کریں کورٹ میں ملاقات ہوگی۔

وورن دھون ، کیارہ ایڈوانی، انیل کپوراورنیتو کپور کی یہ فلم کل 24 جون 2022 کو بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔

ABRAR UL HAQ

Varun Dhawan

NACH PUNJABAN

Tabool ads will show in this div