لاہور: پیٹرول کی ڈبل سنچری کے بعد عوام نے میٹرو کا رخ کرلیا
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب بھر میں ایک لاکھ سے زائد مسافروں نے میٹرو کا رخ کر لیا۔
پیٹرول کی ڈبل سنچری نے عوام کو نپے تلے خرچے پر مجبور کر دیا۔ دفاتر اور مارکیٹ جانے کیلئے اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس کو زیادہ استعمال کیا جانے لگا۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے بعد لاہور میں 75 ہزار شہری اورنج لائن ٹرین، میٹرو اور سپیڈو بس پر منتقل ہوئے ہیں۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق راولپنڈی میٹرو بس سروس میں 20 ہزار جبکہ ملتان میں 5 ہزار مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے بجٹ آوٹ کیا تو شہریوں نے کار اور موٹر سائیکل کو لگائی بریک اور میٹرو اور اورنج لائن کی طرف ریس لگا دی۔
ماہرین کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ افراد کا میٹرو کا رخ کرنے سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ لوگوں کا کہناہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ان کامالی بوجھ بڑھاہے لیکن سستی ٹرانسپورٹ کسی نعمت سے کم نہیں۔