عامر لیاقت کی نشست پر ضمنی انتخاب کے دورن فوج کی تعیناتی کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے معروف اینکر پرسن عامر لیاقت کے انتقال پر خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کے دوران فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شاہد اقبال نے سیکریٹری دفاع کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں 27 جولائی کو ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ ہونا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت این اے 245 میں پولنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فوج کو تعیناتی کے لیے تیار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حلقے میں تمام سیاسی قوتوں کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات میں حقہ لینے کے مساوی مواقع ملنے کے لئے کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری دفاع 26 جولائی سے 28 جولائی تک حلقے میں مناسب نفری کی ممکنہ تعیناتی کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں۔
الیکشن کمیشن نے این اے 245 پر 27 جولائی کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں الیکشن شیڈول بھی جاری ہوچکا ہے جس کے تحت امیدواروں نے کاغذات نامزدگی بھی حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔