پاکستانی سیمنٹ کی امریکی منڈی میں انٹری
ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی کے مطابق انہوں نے ایک امریکی گروپ سے ہر ماہ 50 ہزار ٹن سیمنٹ کی فراہمی کا آرڈر حاصل کرلیا ہے جو مجموعی طور پر ایک سال میں6 لاکھ ٹن بنتا ہے۔کمپنی انتظامیہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ آرڈر دوگنا بھی ہوسکتا ہے۔
ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈی جی خان سیمنٹ فرید فضل نے چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی، آئی وی نیازی، نجیب بیلاگام والا، عمر نجیب بالاگام والا اور مجید عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکا پاکستان کے لیے سیمنٹ کی ایک نئی برآمدی منڈی بن کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کوئی پاکستانی کمپنی تعمیراتی خام مال امریکا کو برآمد کر رہی ہے اور تمام رسمی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی نے امریکا کو سیمنٹ بھیجنا شروع کر دیا ہے، پہلا کنسائنمنٹ کراچی بندرگاہ پر لوڈ کیا جارہا ہے جسے امریکا کے شہر ہیوسٹن پہنچنے میں 42 دن لگیں گے۔
فرید فضل نے کہا کہ ہم بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا سیمنٹ ایکسپورٹ کرتے تھے، سیاسی صورتحال کی وجہ سے بھارت ایکسپورٹ بند ہے، دنیا میں امریکا سب سے بڑا سیمنٹ امپورٹر ہے ۔پاکستان پہلے ہی سنگین مالیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور اسے جاری بحران سے نکلنے اور بیرونی کھاتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے رقوم کے بہاﺅ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر امریکا کو سیمنٹ کی برآمد سے قومی خزانے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے مزید زرمبادلہ آئے گا۔
اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 50 ہزار سمینٹ امریکا ایکسپورٹ کی جائے گی، پاکستانی سیمنٹ مینوفیکچررز کاامریکی مارکیٹوں میں داخل ہونا ملک کے لئے فخر کی بات ہے۔
ڈی جی خان پہلی پاکستانی سییمنٹ مینوفیکچر کمپنی ہے جو امریکی مارکیٹ میں داخل ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے 6 ٹریلیں ڈالر کے انفرااسٹرکچر پیکیج کے بعد خریداروں نے سپلائی کے نئے ذرائع تلاش کرنے شروع کئے جب کہ امریکی تعمیراتی اشیاء کی مانگ بھی اضافہ ہوگیا اس پیکج کے تحت تمام میگا انفرااسٹرکچر جس میں فری ویز ، پل اور سڑکیں دوبارہ تعمیر کی جائیں گی۔
امریکا سیمنٹ کی ایک بڑی منڈی ہے جہاں سخت ماحولیاتی قوانین کی وجہ سے سیمنٹ فیکٹری لگانا بہت مشکل ہے امریکا کی سیمنٹ کی ضروریات میکسیکو ، کینیڈا ،ویت نام اور ترکی سے درآمدات سے پوری ہوتی ہیں.
ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ پاکستان کے سب سے بڑے سیمنٹ مینوفیکچرز میں سے ایک ہے جس کی پیدواری صلاحیت 25 ہزار ٹن یومیہ اور 7500ملین ٹن سالانہ ہے ۔ڈی جی خان کے تین سیمنٹ پلانٹ ڈیرہ غازی خان ،کلر کہار اور حب میں واقع ہیں۔
ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی نشاط گروپ کی کمپنی ہے جس کا شمار پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس میں ہوتا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے11ماہ کے دوران سیمنٹ کی کل برآمدات 21 کروڑ11لاکھ ڈالر رہی جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 16.72 فیصد کم ہے توقع ہے کہ سیمنٹ کی گرتی برآمدات کو امریکی منڈی کھلنے سے سہارا لے گا۔