ملک میں طوفانی بارشوں کا خدشہ،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

طغیانی اورنشیبی علاقے زیرآب آنےکاخدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے 22 جون تک ملک میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے خدشے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں این ڈی ایم نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق پیر20 تا بدھ 22 جون ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی و گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

این ڈی ایم اے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونخوا گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی،صوبائی وزارتوں، ان کے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پی آئی ڈی، صوبائی، جی بی،اسٹیٹ و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے،بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کردیں تاکہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے، ایمرجنسی مشینری و عملہ بشمول نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہے تا کہ موسم کی وجہ سے رہائشی علاقوں میں سیلابی پانی سے نمٹنے اور راستے بند ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کئے جاسکیں۔

اس کےعلاوہ لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن عوام کو غیر ضروری نقل وحرکت سے محتاط رکھنے کے لئےآگاہی مہم چلائی جائے۔

این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول موٹروے/ٹریفک پولیس شمالی علاقہ جات کی جانب سفر کرنے والے مسافر و سیاحوں کو بارش و راستوں کی صورتحال سے باخبر رکھیں، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہتے ہوئے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کریں۔

NDMA

MET OFFICE

Tabool ads will show in this div