پی ٹی آئی کا مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج

حکومت نے ہرچیز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے،عمران خان

پپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے۔

پی ٹی آئی کے اعلان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے کئی شہروں میں احتجاجی جلسوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اپنےحقوق کیلئے باہر نکلنا جہاد ہے

ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور مظاہروں سے بیک وقت وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپنےحقوق کیلئے باہر نکلنا جہاد ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ہر چیز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، ہمارے دور میں پیٹرول 12روپے بڑھا تو انہوں نے لانگ مارچ کیے، ہم نے پیٹرول کی قیمت 10 روپے بڑھانے کی بجائے کم کرکے ریلیف دیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی پیٹرول کی قیمت میں 84 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 120روپے اضافہ کردیا، ڈیزل مہنگا ہونے سے کسانوں کو بہت نقصان ہورہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت تیزی سےنیچےجارہی ہے۔ ہماری حکومت کے خلاف امریکا سے سازش ہوئی اوریہاں میر جعفر اور میر صادق ساتھ مل گئے، نیوٹرلز کو سازش سے متعلق سمجھایا تھا، میں نے کہا تھا کہ اگر سازش کے تحت حکومت کو گرادیا گیا تو ملک سنبھالا نہیں جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں، ہم نےآئی ایم ایف سے معاہدہ کیا لیکن قوم کاخیال رکھا۔

اسلام آباد میں بارش کے دوران احتجاج

اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران بارش شروع ہوگئی تاہم تحریک انصاف کے حامیوں نے اس کے باوجود جلسے میں شرکت کی۔

چور ڈاکو 2 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ آئے ہیں

روالپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے سیاسی مرکز لال حویلی میں حکومت کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ چور ڈاکو دو ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ سازش سے آئے ہیں، ہم چوروں ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرسکتے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں ڈالر مہنگا، کارخانے بند اور پیٹرول مہنگا ہوگیا، موجودہ حکومت نے پیٹرول میں پہلے 60 روپے کا ٹیکہ لگایا اور پھر 24 روپے کا، راولپنڈی کے عوام ان کو ایسا ٹیکہ لگائیں گے یہ یاد رکھیں گے۔

ملتان میں پی ٹی آئی کارکنوں کا لوٹے اٹھاکراحتجاج

ملتان کے چوک شاہ عباس پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہاتھوں میں لوٹے اٹھا کر احتجاج کیا۔

Long march

petrol

PTI

IMRAN KHAN

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div