لیگی امیدوار نذیر چوہان پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، بیٹا اور گارڈ زخمی

فائرنگ مخالف امیدوار خالد گجر نے کی، نذیرچوہان کا الزام

پی پی 167 میں لیگی امیدوار نذیرچوہان پر فائرنگ کے نتیجے میں ان کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

لاہور کے حلقہ پی پی 167 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کی گاڑی پر نامعلوم کی فائرنگ سے ان کے بیٹے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لیگی امیدوار نذیر چوہان نے بتایا کہ الیکشن مہم کے بعد واپس گھر جا رہا تھا، جوہر ٹاؤن میں اللہ ہو چوک کے قریب ہمارا قافلہ پہنچا تو مخالف امیدوار خالد گجر نے ہمارے کاروان پر فائرنگ کی، اورمیری تین ذاتی گاڑیوں کو ہدف بنایا۔

نذیر چوہان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حملہ مخالف امیدوار، اس کے بھائی اور ساتھیوں نے کیا، اور فائرنگ سے میرا بیٹا معاذ زخمی ہوگیا، سیاسی مد مقابل نے فائرنگ ہارکے خوف سے کی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں نذیر چوہان کا بیٹا معاذ گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جب کہ ان کا گارڈ بھی مخالفین کے تشدد سے زخمی ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں سابق ایم پی اے نذیر چوہان بال بال بچ گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما خالد گجر نے بھی الزام عائد کیا ہے نذیرچوہان کی ریلی میں شریک ان کے کارکنان ہمارے آفس کے سامنے آئے تو ہمارے پینا فلیکس اتار دئیے، جس پر کارکنان میں ہاتھا پائی ہوگئی، اس دوران ان کے قافلے میں موجود گاڑی نے ہمارے کیمپ میں بیٹھے کارکنان کو ٹکرماری جس میں میرا بیٹا زخمی ہوگیا۔

خالد گجر کے مطابق ان کا بیٹا جناح اسپتال میں زیرعلاج اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، واقعے کے خلاف تھانہ جوہر ٹاؤن میں درخواست دے دی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن میں اللہ ہو چوک کے قریب مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، اور پینا فلیکس اتارنے پر دونوں گروپوں میں تصادم ہوگیا اور اس دوران فائرنگ بھی ہوئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

PTI Punjab

PMLN,

BYE ELECTIONS

Tabool ads will show in this div