امریکی صدر جو بائیڈن سائیکل سے گر پڑے
امریکی صدر جو بائیدن سائیکل سے گر پڑے، وہ خاتون اول جِل بائیڈن کے ساتھ اسٹیٹ پارک میں سائیکل چلا رہے تھے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ صدر کو کسی طبی امداد کی ضرورت نہیں، صدر باقی دن اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کے منتظر ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ایک ویڈیو میں 79 سالہ صدر کو گرنے کے فوراً بعد اٹھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اُٹھنے کے بعد وہ کہتے ہیں کہ ’میں خیریت سے ہوں۔
صدر نے اس موقع پر بتایا کہ جب انہوں نے سائیکل کے کلپ سے پاؤں نکالنے کی کوشش کی تو اس دوران وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے۔ سائیکل سے گرنے کے نتیجے میں صدر جو بائیڈن کو کوئی خراش نہیں آئی۔
جو بائیڈن امریکا کے معمر ترین صدر ہیں اور ان کی صحت مسلسل موضوع گفتگو رہتی ہے، یاد رہے کہ نومبر 2020 میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کے فوری بعد اورعہدہ سنبھالنے سے قبل جو بائیڈن کا اپنے کتوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ایک پاؤں فریکچر ہوگیا تھا۔
تاہم ایک سال بعد نومبر2021 میں صدر جو بائیڈن کے ڈاکٹر نے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دیدیا تھا۔