یاسین ملک کی رہائی کیلئے لندن میں ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس

ڈیفنس کمیٹی حریت رہنما کی رہائی کی کوششوں میں تیزی لائے، صدر آزاد کشمیر

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یاسین ملک کی جلد رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ کی معروف لاء یونیورسٹی لنکنزان میں کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے بنائی گئی ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاعی کمیٹی یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کرے، بھارت نے یاسین ملک کوغیرقانونی سزا سنائی ہے اور انہیں منصفانہ ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا۔ یاسین ملک کو دی گئی غیر منصفانہ سزا انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے یاسین ملک کی سزا کے فیصلے میں موجود خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کمیٹی میں شامل بیرسٹروں کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ کیس کا تفصیلی مطالعہ کریں اور یاسین ملک کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں۔

اس موقع پر دفاعی کمیٹی نے صدر آزاد کشمیرکو یقین دلایا کہ کمیٹی نے اس حوالے سے تمام ضروری دستاویزات حاصل کرکے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ کمیٹی برطانیہ کے سینئر قانونی ماہرین سے بھی اس معاملے پر مشورہ لے گی۔

دریں اثناء صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لنکن یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ یا درہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، سابق برطانوی وزرائے اعظم مارگریٹ تھیچر اور ٹونی بلیر سمیت دیگر بڑی شخصیات للنکنز اِن سے فارغ التحصیل ہیں۔

یاد رہے کہ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا کے خلاف اور ان کے رہائی کے لیے چند روز قبل بیرسٹرزپر مشتمل ایک ڈیفنس کمیٹی قائم کی تھی۔

بعد ازاں صدر آزاد کشمیر نے سلاو میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں کہا ان کے دورہ برطانیہ کا بنیادی مقصد کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے عالمی ضمیر کو بیدار کرنا ہے۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ سے لے کر برطانوی وزیر اعظم تک سب کو مقبوضہ کشمیر کے بے آواز لوگوں کا پیغام پہنچایا، انہوں نے مزید کہا کہ اب بیرون ملک خاص طور پر برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی یہ واحد ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کیلئے اپنی آواز کو بلند کریں۔

AZAD KASHMIR

yasin malik

Barrister Sultan Mahmood

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div