تحریک انصاف کا عامر لیاقت کی خالی سیٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان

این اے 245 کا الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، عمران اسماعیل

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہ اہے کہ فیصلہ کیا ہے کہ این اے 245 کا الیکشن بھرپورطریقے سے لڑیں گے۔

کراچی کے حلقہ 240 میں دو روز قبل ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے حصہ لینے سے انکار کیا تھا اور الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا، تاہم اب معروف اینکر اور سیاستدان عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سیٹ حلقہ 245 میں تحریک انصاف نے اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ اور تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم این اے 254 کا الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، اس حلقے کے ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر ہم بتائیں گے لوگ ووٹ ڈالنے کیوں آتے ہیں اور کیوں نہیں آتے، پاکستان پیپلزپارٹی کی کارکردگی صفرہے، کراچی کے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔

پیپلز پارٹی اپنے صوبے کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے، آئے روز حلیم عادل شیخ کیخلاف مقدمہ درج ہوتا ہے، مرادعلی شاہ وزیراعلیٰ ہیں، کل کو وہ اس عہدے پر نہیں ہوں گے، وہ یاد رکھیں کل آپ کے ساتھ بھی ایسا سلوک ہوگا۔

سابق گورنر نے کہا کہ آصف علی زرداری اینٹی کرپشن سے متعلق قانون سازی کر رہے ہیں، اور بتا رہے ہیں کہ نیب نے کیسا کام کرنا ہے،اپنے کیسز کو ختم کرنے کیلئے نیب کا ہاتھ پاؤں کاٹ دیئے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سازش کے تحت عمران خان کی حکومت کوگھربھیجا گیا، لیکن ایف اے ٹی ایف نے بھی عمران خان کی حکومت کو تسلیم کیا،اور بتایا کہ کس طر ح پی ٹی آئی حکومت نے 36 نکات پر عملدرآمد کیا، عمران خان اور اس کی ٹیم کی محنت کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آرہا ہے۔

سابق گورنر کا کہنا تھا کہ اب یہ پیٹرول 270 روپے فی لیٹر کرنے جا رہا ہے ،روس سے 30 فیصد رعایت پر تیل مل رہا ہے لیکن یہ لوگ نہیں لے رہے، روس کا آر دیکھ کر ان کو ڈر لگنا شروع ہو جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں معروف مذہبی اسکالر اور سیاست دان عامر لیاقت حسین نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ 245 سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ لوں گا۔

عامرلیاقت حسین جمعرات 9 جون کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے، ان کے انتقال کا معاملہ ایک معمہ بن گیا ہے، اور پولیس نے ان کی پراسرار موت پر عدالت نے پوسٹ مارٹم کے لئے رجوع کررکھا تھا، جسے آج منظور کرلیا گیا ہے۔ جب کہ مرحوم کے اہل خانہ عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے خلاف تھے اور انہوں نے بغیر پوسٹ مارٹم ہی ان کی تدفین کردی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرچکا ہے، اس حوالے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 245 میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوں گے، این اے 245 پر ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار 20 جون کو کاغذات نامزدگی حاصل کر سکیں گے جبکہ 22 سے 24 جون تک نامزدگی فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔

PTI

AAMIR LIAQUAT HUSAIN

NA240 BYE ELECTION

Tabool ads will show in this div