بنگلادیش: مون سون بارشوں اور سیلاب سے 25 افراد جاں بحق

شمال مشرقی حصے میں کئی علاقے مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثر

بنگلادیش میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کےمطابق بنگلادیش کے شمال مشرقی حصے میں کئی علاقے مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے۔

قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں فوج بھجوادی گئی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جاسکے۔

کمپنی گنج گاؤں میں دریا کا بند ٹوٹنے کے باعث پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو اسکولوں میں بنائے گئے شیلٹر ہومز میں منتقل کیا جارہا ہے۔

نندال میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ چٹاگانگ میں مٹی کے تودے گرنے سے4 افراد دب کر جاں بحق ہوئے۔

سلہٹ میں چیف گورنمنٹ ایڈمنسٹریٹر مشرف حسین نے غیرملکی خبرایجنسی کو بتایا کہ سیلاب کے باعث ملک کا تیسرا بڑا بین الاقوامی ائیرپورٹ بند کردیا گیا ہے۔

اس علاقے میں سیلاب کےباعث 40 لاکھ سے زائد افراد پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

BANGLADESH

Tabool ads will show in this div