بھارتی گلوکار کی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی
بھارتی موسیقار اور گلوکار وشال دادلانی نے انتہا پسند ہندوؤں اور مودی سرکار کے زیرعتاب آنے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
وشال دادلانی نے اپنےٹوئٹ میں لکھاکہ میں بھارتی ہندوؤں کی اکثریت کی طرف سےبھارتی مسلمانوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو دیکھا جاتا ہے سنا جاتا ہے پیار کیا جاتا ہے اور تعریف کی جاتی ہے آپ کا درد ہمارا درد ہے۔
وشال دادلانی نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ کی حب الوطنی پر کوئی سوال نہیں ہے، آپ کی شناخت ہندوستان یا کسی اور مذہب کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ ہم ایک قوم، ایک خاندان ہیں۔
وشال دادلانی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میں تمام ہندوستانیوں سے بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے بھارتی سیاست کی بدصورت خصلت کے بارے میں واقعی افسوس ہے، جو ہمیں خوشی سے چھوٹے ، چھوٹے گروہوں میں تقسیم کردے گی، جب تک کہ ہم میں سے ہر ایک اکیلے نہ رہ جائے۔یہ سب ذاتی مفاد کے لیے کر رہے ہیں، عوام کے لیے نہیں،انہیں جیتنے نہ دیں۔
مسلمانوں کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر وشال دادلانی کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے۔
اس سے قبل بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے بی جے پی کی خاتون رہنما نوپور شرما کی جانب سے توہین آمیز بیان پر بالی ووڈ کے تینوں خانز سلمان، عامر اور شاہ رخ کی خاموشی سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نصیر الدین شاہ نے تینوں خانز کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں ان کے لیے نہیں بول سکتا، میں نہیں جانتا کہ وہ اپنے ضمیر کو کیسے سمجھائیں گے، مجھے لگتا ہے کہ اگر وہ بولیں گے تو اپنا بہت کچھ داؤ پر لگا دیں گے کیونکہ ان کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔
کچھ دن قبل بی جے پی رہنمائوں نے گستاخانہ کلمات کہے تھے، جس پر پوری دنیا میں بھارت کی مذمت کی گئی اور پاکستان کے وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو بھی وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کے ایک اور رہنما نوین کمار جندال نے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہے تھے، ان ریمارکس کی دنیا بھر میں مذمت کے بعد بھارت کی حکمراں جماعت کو ان کے بیانات سے خود کو الگ کرنا پڑا اور ان دونوں رہنماؤں کے خلاف تادیبی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
بی جے پی کے دونوں رہنمائوں کے گستاخانہ ریمارکس پر پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف بھارتی فلموں بلکہ بھارت کا بھی مکمل بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں شوبز شخصیات نے بالی ووڈ کے ان مسلمان اداکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔