الیکشن کمیشن کا مصطفی کمال کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر پولنگ اسٹیشن نمبر 165 پر حملے کرنے پر الیکشن کمیشن نے چئیرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی کے این اے 240 میں بدامنی کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کو بھی ٹیلی فون کیا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دوران امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کو وزیراعلی سندھ نے ہر ممکن تعاون اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت ضمنی انتخابات میں پرامن ماحول یقینی بنائے اور این اے 245 کے ضمنی انتخاب اور بلدیاتی انتخابات میں ایسے واقعات نہ ہوں۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا ردعمل
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے این اے 240 کراچی کے ضمنی انتخاب کے دوران پیش آنیوالے ناخوشگوار واقعات کا سخت نوٹس لے لیا۔
اعجاز چوہان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے دوران کشیدگی سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
صوبائی چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ گنتی کے دوران بھی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہونی چاہئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔