مون سون بارشوں کا آغاز کب ہوگا؟، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

پری مون سون بارشیں چند روز میں شروع ہونگی، میٹ آفس

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا آغاز جون کے آخری ہفتے میں ہونے کی توقع ہے، پری مون سون بارشیں ایک سے دو روز میں شروع ہوجائیں گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل مہر صاحبزادہ خان نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ پری مون سون بارشیں اگلے ایک دو روز میں شروع ہوں گی۔

سرکاری ذرائع ابلاغ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشوں سے درجہ حرارت کم ہوگا اور لوگوں کو گرمی کی شدید لہر سے ریلیف ملے گا، جس نے گزشتہ چند ہفتے سے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں کہیں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جو آئندہ ایک 2 روز میں مزید بڑھے گا، ہفتے کے اختتام پر گرمی کی شدت کم ہوگی اور موسم خوشگوار رہے گا۔

ڈی جی میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ پری مون سون بارشیں جمعرات (آج) سے آئندہ منگل (21 جون) تک جاری رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعه کو خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں/آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

میٹ آفس نے بتایا ہے کہ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، جہلم اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر میں 5 اور راولاکوٹ میں 2، خیبر پختونخوا کے علاقوں دروش میں 5، میرکھانی 3، کالام 2، دیر (بالائی) 1، پنجاب میں سیالکوٹ (ایئرپوٹ 3، سٹی ایک ) اور جہلم میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں نوکنڈی 47، دادو اور دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Rain

MET OFFICE

moon soon

Tabool ads will show in this div