این اے 240الیکشن: کارکنوں میں تصادم، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ٹی ایل پی اور پی ایس پی کے ایک دوسرے پر الزامات

کراچی میں این اے 240 لانڈھی میں ضمنی انتخاب کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم ہوگیا، ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ٹی ایل پی اور پی ایس پی نے ایک دوسرے پر الزامات لگادیئے۔

کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس قائم خان کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ ترجمان کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں رہنماء افتخار عالم سمیت کئی کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہونی والیی قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 پر آج ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی۔

ضمنی الیکشن کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنماء انیس قائم خانی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے، پی ایس پی نے الزام لگایا ہے کہ فائرنگ ٹی ایل پی کے کارکنوں نے کی ہے۔

پی ایس پی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں رہنماء افتخار عالم سمیت متعدد کارکنان زخمی ہوگئے، افتخار عالم کو 2 گولیان لگی ہیں۔

نمائندہ سماء کے مطابق انیس قائم خانی کی گاڑی کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 گولیاں انیس قائم خانی کی گاڑی میں لگیں، ایک گولی گاڑی کے بونٹ جبکہ دوسری بلٹ پروف گلاس پر لگی۔

پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا ہے کہ ٹی ایل پی نے پولنگ اسٹیشن نہیں ہمارے کیمپ پر حملہ کیا، جس میں ایک کارکن شہید ہوگیا جبکہ 8 کارکنان زخمی ہیں۔

پی ایس پی رہنماء انیس قائم خانی کے پروٹوکول میں شامل پولیس موبائل پر بھی ایک گولی لگی، نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت کے رہنماء نے 400 کے قریب لوگوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم دوسری جماعت کے رضا کاروں نے انہیں روکا، جس پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملہ کیا جس میں دونوں جماعتوں کے کچھ کارکن زخمی ہوئے، جس کے بعد ایک جماعت کے کارکنان لانڈھی نمبر 6 پہنچے اور وہاں دوسری جماعت کے کیمپ پر حملہ کردیا۔

کراچی پولیس چیف نے مزید بتایا کہ واقعے میں ایک 65 سالہ شخص گولی لگنے سے جاں بحق اوردیگر 3 افراد زخمی ہوگئے، ایک زخمی کو سر میں گولی لگی ہے، جس کی حالت تشویشناک ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس قائم خانی کی گاڑی پر فائرنگ سے متعلق سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ انیس قائم خانی سے رابطہ کرکے اس گاڑی کا پتہ لگایا جس پر حملہ ہوا، تاہم ان کے گاڑی پر حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول نے تصدیق کی ہے کہ جناح اسپتال میں گولیاں لگنے سے زخمی ہونیوالے 4 افراد اور ایک لاش لائی گئی ہے۔

پولیس سرجن کے مطابق جناح اسپتال میں ڈنڈوں اور لوہے کی راڈز سے زخمی ہونیوالے 6 افراد بھی لائے گئے ہیں۔

ٹی ایل پی رہنماؤں کی گاڑی پر فائرنگ کا دعویٰ

ترجمان تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کراچی این اے 240 ضمنی الیکشن میں تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داران اور کارکنان پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ لانڈھی نمبر 6 میں فائرنگ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصظفیٰ کمال کی موجودگی میں ہوئی، سندھ پولیس پی ایس پی کے سربراہ سمیت ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پُرامن اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن اور سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے، مخالفین تحریک لبیک کی فتح دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، کسی کو بھی ووٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔

ٹی ایل پی ترجمان کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن علامہ غلام غوث بغدادی، رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے ناظم اعلیٰ عمر فاروق سمیت کارکنان شدید زخمی ہوئے۔

رینجرز طلب

این اے 240 لانڈھی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں کشیدگی کے باعث رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔

علاقے میں کشیدگی جاری ہے، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تشدد کے الزامات لگائے جارہے ہیں، تحریک لبیک پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے متعدد کارکنوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

نمائندہ سماء کے مطابق مشتعل مسلح افراد کی جانب سے ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی، گولی لگنے سے ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

زخمی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکے تھے، جنہوں نے ایمبولینس پر فائرنگ کی۔

عامر خان کی سماء سے گفتگو

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء عامر خان کا دعویٰ ہے کہ اسلحہ کی سیاست پی ایس پی اور ٹی ایل پی کی جانب سے کی جارہی ہے، ڈنڈوں سے بھی کارکنوں پر تشدد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کے نتیجے میں 6 کارکنان زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، انہیں شکست نظر آرہی ہے۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ بننے کے بعد الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کا ردعمل

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے این اے 240 کراچی کے ضمنی انتخاب کے دوران پیش آنیوالے ناخوشگوار واقعات کا سخت نوٹس لے لیا۔

اعجاز چوہان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران کشیدگی سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

صوبائی چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ گنتی کے دوران بھی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہونی چاہئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

anis qaimkhani

SAAD RIZVI

NA240 BYE ELECTION

Tabool ads will show in this div