کشمیری اساتذہ کےلیےانگریزی زبان کی مہارت کے پروگرام کا آغاز
اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے نے آزادکشمیر کے سرکاری شعبے میں قائم جامعات، کالجز اور اسکولوں میں انگریزی تعلیم دینے والے اساتذہ کے لیے تربیت اور انگریزی زبان کو پڑھانے کے لیے مہارت بڑھانے کے پروگرام کا آغاز کردیا۔
پروگرام کی افتتاحی تقریب جمعرات کے روز آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے چہلہ کیمپس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ظفراقبال ملک تھے۔
تقریب سے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد کمال خان، سفارت خانے کے کنٹری پروگرام ڈائریکٹر ریجنل انگلش لینگویج سید راشد حسین نقوی، ڈین فیکلٹی سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید اور پروفیسر عتیق الرحمان عباسی نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمدقیوم خان،ڈین سائنسزپروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ،رجسٹرار جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، میریٹیوریس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان، فاؤنڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر راجہ نسیم اختر،انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد اور میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی کے فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ظفراقبال ملک نے آزادکشمیر میں انگریزی زبان کی تعلیم دینے والے اساتذہ کی تربیت کے لیے پاک ٹیسول آزادکشمیر برانچ کے قیام پر امریکی سفارت خانے کے حکام اور آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کا شکریہ اداکرتےہیں۔
انھوں نےاس توقع کا اظہار کیا کہ اس پروگرام سے آزادکشمیر کے اساتذہ استفادہ کریں گے اور انگریزی جو بین الاقوامی رابطے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے،اس کو سیکھنے اور طلباء کو اس زبان کی تعلیم دینے کے لیے جدید مہارتوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے اساتذہ کی تربیت کے اس پروگرام کے منتظمین کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر کی حکومت،وزارت اعلیٰ تعلیم اور محکمہ تعلیم بھرپور تعاون کرے گا۔ ظفراقبال ملک نے کہا کہ جدید اور قدیم خاص طور پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے علوم کا ایک بڑا حصہ انگریزی زبان میں ہے اور ان علوم میں مہارت حاصل کرنے کے لیے انگریزی زبان کا سیکھنا اور اس زبان کی تعلیم دینے کے لیے تربیت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے امریکی سفارت خانے کے شعبہ پبلک ڈپلومیسی اور علاقائی انگریزی زبان کے شعبہ کے افیسران کا آزادکشمیر میں انگریزی زبان کے فروغ کے لیے پاک ٹیسول آزاد کشمیرشاخ کا آغاز کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ریاست میں انگریزی زبان کے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا اور انگریزی زبان کو جدید رحجانات اور طریقوں سے پڑھانے کی مہارت حاصل کرنے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی اساتذہ کی تربیت اور انہیں تدریس کی جدید مہارتوں سے لیس کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ امریکی سفارت خانے کا یہ پروگرام جامعہ کے فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے ہدف کو حاصل کرنے میں مزید معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس پروگرام کے تحت جامعہ کشمیر میں جمعرات کے روز سے شروع ہونے والی تربیتی ورکشاپ سے جامعہ کے اساتذہ کے علاوہ آزادکشمیر کے مختلف کالجز اور سکولوں کے اساتذہ بھی بھرپور استفادہ کریں گے۔