قوم کو پی ٹی آئی، آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق اعتماد میں لیں گے، وزیر اعظم
حکومت کے پاس پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کے مابین ہونے والے معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، اس معاہدے کی تفصیلات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے سے عوام کے متاثرہونے کا بخوبی ادراک ہے، لیکن ہمارے پاس پٹرول کی قیمت بڑھانے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا معاہدہ کیا تھا، سابقہ حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق قوم کوجلد اعتماد میں لیا جائے گا، اور اللہ نے چاہا تو ہم جلد معاشی مشکلات سے نکل آئیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ جن لوگوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ تاریخ کے بدترین معاہدہ کیے، واضح طور پر برے معاشی فیصلے کیے، وہ کس طرح اپنے بے گناہ ہونے کا بہانہ کرسکتے ہیں، ان میں سچ کا سامنا کرنے کی طاقت ہے یا ضمیر ہی نہیں، قوم جس کرب سے گزر رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 59 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے، تقریباً 18 روز میں ڈیزل پر 129 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول پر 84 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جاچکا ہے۔