کراچی: پيٹروليم مصنوعات مہنگا ہونے کی افواہ پر کئی پمپس پيٹرول پمپس بند
کراچی ميں پيٹروليم مصنوعات مزید مہنگا ہونے کی افواہ پر مختلف پيٹرول پمپس پر رش لگ گيا جبکہ کئی پمپس بند کرديے گئے۔
گزشتہ دنوں کی طرح آج پھر پٹرول مہنگا ہونے کی افواہيں گردش کرنے لگی تو شہريوں کی بڑی تعداد گاڑيوں کی ٹنکياں فل کروانے پمپس پہنچ گئی۔
مختلف علاقوں ميں پمپس پر گاڑيوں کی قطاريں لگی رہيں تو کہيں پمپ ہی بند کرديے گئے۔ کسی پمپ مينجر نے بجلی نہ ہونے تو کسی نے پيٹرول ختم ہونے کا بہانہ بنايا۔
واضح رہے کہ آج سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پچھلی حکومت پیٹرول 149 روپی فی لیٹر پر چھوڑ کر گئی تھی تاہم اب پیٹرول 209 روپے پرہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت آج پیٹرول پر 30 روپے بڑھائے گی اور اگلے مہینے تک پیٹرول 300 روپے تک ہوجائے گا۔
اس سے قبل 13 جون کو قومی اقتصادی کمیٹی اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا تو معیشت تباہ اور ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔