پری مون سون بارشیں: مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے 15 جون بدھ کی شام سے مزید پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں 15 جون کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
مرطوب ہواؤں کے باعث 15 جون سے 23 جون کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں بھمبر، کوٹلی، میر پور ، پونچھ، باغ، حویلی، ہٹیاں ، مظفر آباد، وادی نیلم ویلی جب کہ گلگت بلتستان کے علاقوں استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ اور اسکردو میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 21جون کے دوران اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخو پورہ ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جب کہ 17 سے 20 جون کے دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ،مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن،اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق 17 جون کو راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے جس کے باعث راولپنڈی اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
خیبر پختو نخوا میں 15 سے 22 جون کے دوران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمی موسمیات نے پری مون سون بارشواں کے نئے سلسلے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی جبکہ فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی دستیابی میں بہتری کا امکان ہے۔
دوسری جانب تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بالائی خیبر پختو نخوا، اسلام آباد ، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں املاک کو نقصان پہنچنے، لینڈ سلائڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک جبکہ رات کے وقت جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علا وہ بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب ، گلگت بلتستان ،اسلام آباد ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم جنوبی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوااور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ڈی جی خان میں 14 ملی میٹر ، پاراچنار 02، میرکھانی 01، بابوسر 04، بونجی 02، استور اورگوپس میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیےگئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم ، سبی، منگلہ،نور پور تھل ،نوکنڈی،گجرات، بنوں ،منڈی بہاؤالدین 46 ، بھکر، لیہ، ڈیرہ اسماعیل خان، دالبندین، جوہر آباد، اٹک اوردادو میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔