نظرثانی درخواست،کےالیکٹرک نے نیپرا سے5.30 روپے فی یونٹ اضافہ مانگ لیا
کےالیکٹرک صارفین بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے 28 پیسے اضافے کیلئےتیار ہوجائیں کیوں کہ نیپرا نے اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی ہے۔
منگل 14 جون کو ہونےوالی سماعت کے دوران کےالیکٹرک نے نیپرا سےنظرثانی درخواست میں 5.30 روپے فی یونٹ اضافہ مانگ لیا۔
اتھارٹی نے اعدادوشمار کا جائزہ لیا تو قرار دیا کہ اس درخواست کے ڈیٹا کے مطابق اضافہ 5.28 روپے فی یونٹ بنتا ہے۔
کےالیکٹرک نے جنوری تا مارچ کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی 3.89 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے۔
کےالیکٹرک کی دونوں درخواستوں پرحتمی فیصلہ کچھ دن بعد جاری کیا جائے گا۔
نیپرا سماعت میں چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے پوچھا کہ سوئی سدرن کے ساتھ گیس خریداری معاہدہ کہاں تک پہنچا؟۔ اس پر کےای حکام نے بتایا کہ سوئی سدرن کے ساتھ معاملات طے ہونے کے قریب ہیں، سیکرٹری پٹرولیم علی رضا بھٹہ نے بھی دونوں فریقین سےملاقات کی ہے، جون کے آخر میں سیکرٹری پٹرولیم دوبارہ کراچی آئیں گے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سوئی سدرن کےساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ جلد معاہدہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ کےالیکٹرک نے نیپرا کوگزشتہ ہفتے بجلی کی قیمت میں پہلے 4.86 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔