سبسڈی کیساتھ سستا گھی اسکیم بھی شروع کردی ہے،مریم اورنگزیب

فی کلوگھی پر250روپےسبسڈی شروع

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سستے آٹے کے بعد سستا گھی اسکیم شروع کر رہے ہیں، جب کہ ملک بھر میں 9 جون سے فی کلو گھی پر 250روپے سبسڈی شروع کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سستا گھی اسکیم شروع ہوچکی ہے،گزشتہ دور حکومت میں گھی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے، ہم دو ہزار اٹھارہ میں دو سو روپے فی کلو تک گھی کی قیمت چھوڑ کر گئے تھے، ہم نے اب عوام کو دوبارہ سستا گھی دینے کیلئے اسکیم متعارف کرادی ہے، اس سے قبل 9 جون سے گھی پر سبسڈی شروع کردی گئی تھی، حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

سبسڈی

انہوں نے بتایا کہ کُل 17 ارب روپے کی سبسڈی آٹے ، چینی اور گھی پر دی جارہی ہے، 28 ارب روپے تک کی سبسڈی سستا پیٹرول پر بھی دی جارہی ہے، تقریباً 3 ارب روپے کی گھی پر سبسڈی دی جائے گی، جب کہ 250 روپے کی سبسڈی فی کلو پر دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی بحال کردیا گیا ہے۔

سستا آٹا اسکیم سے متعلق وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2018 میں آٹے کی قیمت 35روپے تھی، اب دوبارہ ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد ہم نے عوام کی بنیادی سہولیات کیلئے کام شروع کردیا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا 40 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے، خیبرپختونخوا میں سستے آٹے کی ترسیل کیلئے 100 موبائل وینز نے بھی اپنا کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا 4 سال میں 35 روپے سے بڑھ کر 90 روپے تک چلا گیا ہے، نئی اسکیم کے بعد آٹے کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے 600 سیلز پوائنٹس پر 2 لاکھ 62 ہزار تک آٹے کے تھیلے فروخت ہوچکے ہیں۔ اس سلسلے میں اگر کسی کو کوئی بھی مشکل در پیش ہو تو عوام کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے، کسی بھی مشکل اور شکایت کیلئے ٹول فری نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کے پی کے عوام سے وزیراعظم کا وعدہ تھا کہ سستا اور وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہو، جو پورا کردیا گیا ہے، یکم جون سے دس کلو آٹے کا تھیلا فراہم کرنے کا وعدہ پورا کردیا، حکومت نے دس کلو آٹے کا تھیلا کی ترسیل کو یقینی بنایا ہے تاہم کے پی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد بہت کم ہے۔

سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورت حال کو عوام بھی سمجھتے ہیں، یہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کی کہانی نہیں ہے، ہم عملی اقدامات کررہے ہیں، شہباز شریف نے ہمیشہ عوام کی سہولیات کیلئے کام کیا ہے۔

FLOUR

ghee

MARRIYAM AURANGZEB

Tabool ads will show in this div