پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری

حج سے قبل17 ہزارعازمینِ حج مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کریں گے

پاکستان سے گزشتہ5روز میں ساڑھے8ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پاکستان سے آج5 حج پروازوں سے1500 سے زائد عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچيں گے۔ عازمینِ حج کو مدینہ منورہ میں8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائےگا۔

ترجمان مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ حج سے قبل17 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کریں گے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ 106پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن30جون تک جاری رہے گا۔

کرونا ویکسین لازمی قرار

وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمینِ حج کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہر عمر کے عازمینِ حج کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔ کرونا ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ منع ہوگا۔

منظور شدہ ویکسین کون سی؟

تمام عازمینِ حج روانگی سے قبل سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کا سرٹیفکیٹ ہمراہ رکھیں۔ منظور شدہ ویکسین کا ثبوت نہ ہونے پر طیارے سے آف لوڈ کردیا جائے گا۔

وزارت صحت کے مطابق عازمین حج کیلئے انسداد کرونا کی ویکسین موڈرنا، فائزر، ایسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن منظور شدہ ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عازمین حج کیلئے ان چاروں ویکسینز میں سے کسی ایک کی دو خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔ عازمین پہلی یا دوسری خوراک کے 28 دن بعد اضافی ویکسین یا بوسٹر شاٹ لگوا سکتے ہیں۔ موڈرنا اور فائزر ویکسین ملک بھر میں دستیاب ہیں۔

حج پروازوں کا آغاز

واضح رہے کہ پاکستان عازمین حج کی حجازمقدس روانگی کا سلسلہ 6 جون سے شروع ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، کوئٹہ اور لاہور سے خصوصی حج پروازیں مدینہ روانہ ہورہی ہیں۔ روڈ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی پرواز پیر کی صبح نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔

اس سال پاکستانی عازمین حج کو جدہ کے ہوائی اڈے پر امیگریشن کیلئے قطاریں نہیں لگانی پڑے گی۔ سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن کارروائی پاکستان میں ہی مکمل ہورہی ہے۔ پاکستان میں امیگریشن کی کارروائی مکمل ہونے سے عازمین حج جدہ ایئرپورٹ پر رکے بغیر ہوٹل روانہ ہوں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے 5 ممالک کیلئے روڈ ٹو مکہ منصوبے کی سہولت دوبارہ شروع کی گئی۔

سرکاری عازمین کی پروازوں کا سلسلہ 6 سے 13 جون تک اور پرائیویٹ عازمین کی روانگی 19 سے 27 جون تک جاری رہے گی۔ اس سال کل 81 ہزار پاکستانی عازمین روانہ ہوں گے جس میں سے 32 ہزار سرکاری اسکیم جب کہ 48 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت جائیں گے۔

پی آئی اے کا بعد ازحج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔

کن کن باتوں کا خیال رکھیں

عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے پروازوں کے شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔

عازمین حج جاری شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں۔

عازمین لازمی ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ، ریسٹ بینڈ کے حصول کیلئے حاجی کیمپ رابطہ کریں۔

پرواز سے 72 گھنٹے کے اندر کووڈ پی سی آر ٹیسٹ سعودی منظور شدہ 6 لیبارٹریز سے کرانا لازمی ہے۔

عازمین حج کی سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریوں کے بوتھ قائم کر دیئے گیے ہیں۔

سعودی عرب روانگی کیلئے عازمین حج کا پی سی آر (منفی) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔

پی سی آر ٹیسٹ کے واجبات 4250 روپے عازمین حج کو خود دینا ہوں گے۔

HAJJ OPERATION

Tabool ads will show in this div