نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم جاری، احساس راشن اسکیم ختم ہونے کا امکان

تحریک انصاف حکومت رہائشی اسکیموں پر صرف 10کروڑ روپے خرچ کرسکی

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کیلئے آئندہ بجٹ میں بھی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ احساس راشن اسکیم کیلئے نئے بجٹ میں کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔

بجٹ دستاویز کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے رواں مالی سال 22-2021ء کیلئے سبسڈی کی مد میں 682 ارب روپے مختص کئے تھے لیکن اس کے برعکس 1514 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے یعنی اصل مختص بجٹ سے 833 ارب روپے زائد خرچ ہونگے، آئندہ مالی سال کیلئے 699 ارب روپے سبسڈیز کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

گزشتہ سال سب سے زیادہ پیٹرولیم کی مد میں سبسڈی خرچ کی گئی۔ بجٹ دستاویز کے مطابق رواں سال پیٹرولیم کی مد میں 20ارب روپے کی سبسڈی مختص کی گئی تھی لیکن اس کے برعکس 377 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے اس مد میں 71 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

پیٹرولیم سبسڈی میں سب سے زیادہ صنعتوں کو درآمدی ایل این جی رعایتی نرخوں پر دینے کیلئے 81ارب روپے خرچ کئے گئے جبکہ اس مد میں آئندہ مالی سال کیلئے 40ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

گندم پر سبسڈی کی مد میں پاسکو کیلئے 2ارب روپے کا بجٹ مختص کیا تھا اور اتنے ہی خرچ ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ آئندہ سال کیلئے بھی اس مد میں 2ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے رمضان پیکیج کیلئے 6 ارب روپے کے برعکس 8 ارب روپے خرچ ہونگے، آئندہ مالی سال کیلئے اس مد میں 5ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، اسی طرح یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے وزیراعظم پیکیج کی مد میں رواں مالی سال کے بجٹ میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی لیکن 13ارب روپے خرچ کئے گئے، آئندہ سال کیلئے بھی اس مد میں 12ارب روپے رکھے جارہے ہیں۔

میٹرو بس کیلئے مختص ایک ارب روپے کی سبسڈی کی جگہ 2ارب روپے خرچ ہوئے، جبکہ آئندہ مالی سال 4ارب خرچ ہونے کی توقع ہے۔

تحریک انصاف حکومت کی جانب سے سستے مکانات فراہمی کیلئے بنائے گئے ادارے “نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی” کیلئے رواں مالی سال 30ارب روپے کی سبسڈی دینے کا تخمینہ رکھا گیا تھا لیکن اس مد میں 5 کروڑروپے ہی خرچ ہوسکیں گے جبکہ آئندہ سال اس مد میں 50 کروڑ روپے رکھے جارہے ہیں۔

اسی طرح نیا پاکستان اسکیم کے تحت بینکوں کے مارک اپ میں سبسڈی کیلئے 3ارب روپے مختص کئے گئے تھے لیکن اس کی جگہ 5 کروڑ خرچ ہوسکے، آئندہ سال اس مد میں بھی 50کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جس کا مطلب ہے کہ سستے مکانات فراہمی کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔

تحریک انصاف حکومت کی جانب سے احساس راشن سبسڈی کیلئے بجٹ میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی تھی لیکن 2ارب روپے اس مد میں خرچ کئے گئے، آئندہ سال اس مد میں کوئی رقم مختص نہیں کی جارہی، جس سے لگتا ہے کہ یہ اسکیم ختم کی جارہی ہے۔

Naya Pakistan Housing scheme

Ehsas Program

BUDGET 2022-23

تبولا

Tabool ads will show in this div
Ahmad Raza Joyia Jun 11, 2022 12:25pm
Best quality Diamond tayer
Ahmad Raza Joyia Jun 11, 2022 01:56pm
Best quality Diamond tayer

تبولا

Tabool ads will show in this div